جلال پور جٹاں (حافظ محمد زبیر سے)
ابوظہبی کی معروف کاروباری اور ممتاز سماجی شخصیت چوہدری جمیل احمد گجر معروف نے کہا ہے کہ نواسۂ رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے وفادار ساتھیوں کی کربلا میں پیش کی گئی عظیم قربانیاں اسلام کی بقاء اور حق کی سربلندی کا وہ روشن باب ہیں جس کی روشنی قیامت تک پھیلتی رہے گی۔ امام حسین رضی اللہ عنہ نے میدانِ کربلا میں اپنے خون سے حق و صداقت کی ایسی شمع روشن کی، جو ظلم و باطل کی ہر تاریکی کو چیر کر رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آج دنیا بھر میں اسلام کا پرچم بلند ہے تو یہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے اور ان کے جانثاروں کی قربانیوں ہی کا ثمر ہے۔ ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ امام عالی مقام کے اس پیغام کو نہ صرف یاد رکھے بلکہ اپنی زندگی کا نصب العین بنائے۔ امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنی جان، اہلِ خانہ اور وفاداروں کی قربانیاں دے کر دنیا کو یہ پیغام دیا کہ باطل کے آگے جھکنے سے بہتر ہے حق پر ڈٹ کر جان دے دینا۔
چوہدری جمیل گجر نے کہا کہ محرم الحرام اہلِ بیت اطہار کی عظمت، صبر، استقامت اور ایثار کی مقدس یاد دلاتا ہے۔ کربلا میں پیش آنے والا یہ دلخراش واقعہ دراصل ظلم کے خلاف اعلانِ بغاوت اور دینِ محمدی ﷺ کی حفاظت کا لازوال استعارہ ہے۔ امام حسین رضی اللہ عنہ نے جس جرأت اور صبر کے ساتھ یزیدی طاقتوں کا مقابلہ کیا، وہ قیامت تک حق کے متوالوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اہلِ بیت کی محبت ایمان کی تکمیل کا جزو ہے، اور صحابہ کرام و اہلِ بیت کا بتایا ہوا راستہ ہی جنت کا راستہ ہے۔ امام حسین رضی اللہ عنہ نے نہ صرف دین کو بچایا، بلکہ ہمیں یہ سکھایا کہ حق و صداقت کے لیے قربانی کا جذبہ ہی اصل اسلام ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا:
"یزیدیت ہر دور میں مختلف چہروں کے ساتھ سامنے آتی رہے گی، لیکن حسینی کردار رکھنے والے ہمیشہ اس کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔ امام حسین رضی اللہ عنہ کا پیغام صرف ایک واقعہ نہیں، بلکہ ایک دائمی تحریک ہے جو ہمیں سچ کے ساتھ جینے اور ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کا حوصلہ عطا کرتی ہے۔"

Post a Comment