کسی بھی معاشرے میں استاد کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے ،ہمارے معاشرے میں استاد کو روحانی باپ کا درجہ حاصل ہے،مہذب معاشروں میں اساتذہ کو بہترین سہولیات فراہم کی جاتی ہیں،اسی طرح ایڈیشنل IG حیدرآباد ڈاکٹر جمیل نے اساتذہ کے احترام کے لیے تاریخی اقدام اٹھایا ہے۔
ڈاکٹر جمیل نے فرمان جاری کیا ہے کہ سپاہی سے انسپکٹر رینک تک کے پولیس اہلکار اساتذہ کو سلیوٹ پیش کریں گے۔ایڈیشنل آئی جی نے مزید کہا کہ اساتذہ کا قوم کا مستقبل بنانے میں بڑا کردار ہوتا ہے۔اگر کوئی استاد تھانے آئے تو سب سے پہلے اسے سلیوٹ کیا جائے۔
اس سے قبل بتایا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس نے ”پہلے سلام پھر کلام کی پالیسی“ پر عمل شروع کر دیا ہے۔
ملک بھر میں وارڈنز کی شہریوں کو سلیوٹ کرنے کی تصاویر سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کی خصوصی ہدایت پر شہریوں سے خوش اخلاقی ،صبر و تحمل سے پیش آنے اور اُن کے درپیش مسائل اور ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈی آئی جی سکیورٹی وقار احمد چوہان نے ٹریفک افسران و جوانوں کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شہری کے ساتھ بد تمیزی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ہر شہری ہمارے لیے قابل احترام ہے ان کی عزت نفس کا ہر صورت احترام کیا جائے انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے پہلے سلام کریں اور پھر قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائیں انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں سے بد تمیزی سے پیش آنے والے اور غیر مناسب رویہ اختیار کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی اس خصوصی مہم کا بنیادی مقصد عوام اور پولیس کے درمیان پیدا ہونے والی موجودہ غلط فہمیوں کا بھی ازالہ کرنا ہے
Post a Comment