
گوجرانوالہ( حافظ محمد زبیر سے) پاکستان سنی تحریک کے سٹی رہنما چوہدری محمد زبیر کمبوہ نے لاہور میں مین ہول میں گر کر جان بحق ہونے والی ماں اور بیٹی کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ پوری قوم کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کا فوری ایکشن اور ابتدائی کارروائی قابلِ تحسین ہے، تاہم ایسے واقعات کا پیش آنا مجموعی طور پر ہماری اجتماعی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ بطور قوم ہم بقائے انسانیت اور فلاحِ انسانیت کے تقاضوں کو پورا کرنے میں پیچھے رہ گئے ہیں۔
چوہدری محمد زبیر کمبوہ نے کہا کہ مین ہول حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ کی لفظوں میں دلاسہ اور حوصلہ افزائی ممکن نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتِ پنجاب صوبہ بھر میں کھلے مین ہولز کو فوری طور پر کور کرے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ سیوریج نظام کی ناقص حالت کے باعث متعدد علاقوں میں ایسے سنگین مسائل جنم لے رہے ہیں جو کسی بھی وقت بڑے حادثات کا سبب بن سکتے ہیں۔
جبکہ اس موقع پر شاہزیب رضوی ثقلین مغل محمد عامر وقاص ذیشان کمبوہ اوردیگرنے کہا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے عین وسط میں اس نوعیت کا واقعہ ہونا حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، جس کے پیشِ نظر حکومت کو اپنی عملی کارکردگی کا ازسرِنو جائزہ لینا چاہیے۔
چوہدری محمد زبیر کمبوہ نے مزید کہا کہ بلدیاتی اداروں کا مؤثر طور پر بحال نہ ہونا بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ جمہوری نظام کی تکمیل اور عوامی مسائل کے بروقت حل کے لیے بلدیاتی اداروں کا فعال اور بااختیار ہونا ناگزیر ہے۔
انہوں نے تمام مذہبی، سیاسی اور فلاحی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ مل کر اصلاحِ معاشرہ اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں۔
Post a Comment