*رپورٹ : ملک طارق*
فیصل آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب کے معاملے کو بلا وجہ طول دیا جا رہا ہے۔ اگر حکومت نے اپنی مرضی کے افسران تعینات نہیں کرنے تو اور کس نے کرنے ہیں؟
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومتوں نے ملک کو لوٹ کر کھا لیا اور احتساب کے نظام کے ساتھ عجیب کھیل کھیلا گیا۔ مسلم لیگ (ن) نے پولیس گردی کلچر متعارف کروایا۔
شہباز گل کا مزید یہ کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ مسلم لیگ (ن) کے آئرن مین ہیں، جنہوں نے پولیس سے جھوٹے مقابلوں میں اپنے مخالفین کو قتل کروایا۔ نیب کی ہر پیشی کے وقت اپنی گاڑیوں سے پتھر نکال کر پولیس اور انتظامیہ پر پتھراؤ کیا جاتا ہے۔
اب پولیس کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ کرپٹ پولیس افسران بھی خود کو ٹھیک کر لیں۔ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومتوں نے کپاس کی پیداوار کے علاقوں میں شوگر ملز لگا کر کپاس کی پیداوار مکمل طور تباہ کر دی جس سے کسان اور کاشتکار بھی بدحالی کا شکار رہے۔ کسانوں کیلئے کوئی اقدمات نہیں اٹھائے گئے بلکہ ان کا استحصال کیا گیا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ مہنگی بجلی پیدا کرنے والے مہنگے منصوبے لگائے گئے جس سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت کے لیے ویلیو ایڈڈ سیکٹر بہت اہمیت کا حامل ہے۔ کاروباری حضرات، سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کیلئے بہتر ماحول اور بہتر سروسز فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ناصرف سرمایہ کاری میں اضافہ ہو بلکہ روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں۔
Post a Comment