Tuesday, July 28, 2020

چلاس: محلہ رونئی کے مقام پر گھر پر چھاپے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی کے 5 اہلکار شہید اور 2شہری جاں بحق ہوئے جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2ملزمان ہلاک ہوگئے۔

چلاس محلہ رونئی کے مقام پر 2 لیڈی کانسٹیبل سمیت 22 اہلکاروں پر مشتمل سی ٹی ڈی ٹیم نے مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے اظہار اللہ نامی شخص کے گھر پر چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران گھر کے اندر موجود ملزمان نے اہلکاروں پر فائر کھول دیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کے 5 جوان شہید ہوگئے جبکہ 2 شہری بھی جاں بحق ہوئے، شہید اہلکاروں میںسی ٹی ڈی کے ایس آئی پی سہراب، سپاہی جنید علی، سپاہہ شکیل، سپاہی اشتیاق اور سپاہی غلام مرتضی شامل ہیں جبکہ جاں بحق شہریوں کی شناخت اظہار اللہ اور بشارت نام سے ہوئی۔

فائرنگ کے تبادلہ میں 5 اہلکار زخمی بھی ہوئے، زخمیوں اہلکاروں میں انسپکٹر نبی جان،سپاہی شکر،سپاہی ہدایت کریم،سپاپی شان اور سپاہی محمد علی شامل ہیں، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 دیامر نے زخمیوں کو فوری طبی امداد دیکر ریژنل ہیڈکوارٹر اسپتال چلاس منتقل کردیا،اور لاشوں کو بھی اسپتال پہنچایا۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ رات گئے 2بجکر 20 منٹ میں پیش آیا جبکہ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے، ان کا علاج جاری ہیں۔

دوسری جانب ترجمان گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کے مطابق نگراں وزیر اعلی گلگت بلتستان میر افضل خان کا کہنا ہے کہ پولیس پارٹی پر حملہ افسوس ناک ہے، چلاس واقعے میں شہید پولیس افسران اور جوانوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔

نگران وزیر اعلی نے واقعے کی سختی سے نوٹس لے لیتے ہوئے آئی جی گلگت بلتستان ڈاکٹر مجیب الرحمان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، پولیس کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں اور صوبائی حکومت شہدا کے پسماندگان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے، اللہ شہدا کے درجات بلند کرے۔

شہریوں نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ واقعہ کی شفاف تحقیقات کی جائے اور غفلت برتنے والے اور واقعہ میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکاروں اور2شہریوں کی شہادت پر دکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے شہداء کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا جام شہادت نوش کرنے والے اہلکار ہمارے ہیرو ہیں، قوم شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی-

Post a Comment

مشہورموضوعات

...
آپکی پسند کےمطابق چیزیں

Whatsapp Button works on Mobile Device only