**
*رپورٹ : ملک طارق*
لاہور : جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی،نئی جیلیں بنانے کی بجائے موجودہ جیلوں میں کثیرالمنزلہ بیرکس بنانے کا فیصلہ،لاہورکی دونوں جیلوں سمیت پنجاب کی 12 جیلوں میں ملٹی سٹوری بیرکس کی تعمیر رواں سال شروع کردی جائیں گی۔
جیلوں میں قیدیوں کی گنجائش سے زیادہ تعدادکو مدنظررکھتے ہوئے لاہورکی سنٹرل اور ڈسٹرکٹ جیل میں 3 ،3 منزلہ بیرکس بنائی جائیں گی۔ صوبہ بھر کی دیگر 10جیلوں میں بھی اس منصوبے پر رواں مالی سال میں کام شروع کیا جائے گا۔
لاہورسمیت پنجاب میں 46 ہزار سے زائد قیدی موجود ہیں جوکہ جیلوں میں گنجائش سے زیادہ ہیں اس بات کو مدنظررکھتے ہوئے کثیرالمنزلہ بیرکس کی تعمیرکا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ ایسی بیرکس کی تعمیر سے کم جگہ میں بہترطرزتعمیر سے زیادہ قیدیوں کورکھا جاسکے گا اور اخراجات بھی کم ہونگے۔منصوبے کے آغاز کے لیے جلد ٹینڈر کیے جائیں گے اور کم ریٹس دینے والے کنٹریکٹر کوٹھیکہ دیا جائے گا۔
حکومت نے منصوبے کیلئے ابتدائی طور پر رواں مالی سال میں 5 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کردیے ہیں جبکہ 20 کروڑ روپے تکمیل تک لاگت آے گی۔
اس سے قبل ڈی آئی جی جیل خانہ جات ملک مبشر احمد نے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں زیر تربیت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو جیلوں میں ملزمان کے مسائل بارے آگاہ کیا،
ڈی آئی جی جیل خانہ جات کا کہنا تھا کہ اسیران کو جیل قوانین کے مطابق کھانے اور میڈیکل سمیت دیگر تمام سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت کی جانب سے قیدیوں کی بہترسہولیات کے لیے اقدامات کیے جاتے ہیں۔
Post a Comment